ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / یمن میں حوثیوں کے تشدد میں اضافے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے:حکومت

یمن میں حوثیوں کے تشدد میں اضافے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے:حکومت

Wed, 10 Feb 2021 19:11:43  SO Admin   S.O. News Service

 دبئی، 10 فروری (آئی این ایس انڈیا) یمن کی آئینی حکومت نے حوثی باغیوں کی جانب سے ملک میں جارحانہ کارروائیوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کی حوثی امن نہیں چاہتے۔

حوثیوں کی جانب سے امن کوششوں کو دانستہ طور پر نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ایک طرف عالمی برادری یمن میں تنازع کے سیاسی حل کی تلاش کے لیے کوشاں ہے اور دوسری طرف حوثی جنگ کا دائرہ بڑھا رہے ہیں۔ اس سے پتا چلتا ہے کی حوثی امن نہیں چاہتے۔ حوثیوں‌ کی طرف سے عسکری کارروائیوں میں اضافے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

یمن کی آئینی حکومت کی کابینہ کا اجلاس عبوری دارالحکومت عدن میں وزیراعظم ڈاکٹر معین عبدالملک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں حوثی باغیوں‌ کی جانب سے سعودی عرب میں شہریوں اور سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی 'سبا' کے مطابق وزیراعظم عبدالملک نے کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے یمن میں قیام امن کے لیے کوششیں‌ شروع کی ہیں مگر حوثیوں‌ کی طرف سے نہتے شہریوں پر حملے جاری رہنا اور پڑوسیوں کا امن تباہ کرنے کی سازشیں بدستور جاری رکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حوثی امن نہیں چاہتے۔

یمنی حکومت نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثی ملیشیا کی طرف سے امن کوششوں کو تباہ کرنے کا نوٹس لیں اور حوثیوں پر امن بات چیت کی طرف آنے کے لیے دبائو ڈالیں۔ انہوں‌ نے کہا کہ حوثیوں کی طرف سے جارحیت جاری رکھنے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

یمن کی آئینی حکومت کے مطابق حوثی باغی سرکاری فوج اور مزاحمتی تنظیموں کے ہاتھوں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانے کے بعد وحشیانہ کارروائیوں اور طاقت کے اندھے استعمال پر اتر آئے ہیں۔


Share: